چین اور روس ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہے،ٹرمپ کا دعویٰ-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں چین اور روس اس وقت ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہے، جبکہ دونوں ممالک کی قیادت نے اس حوالے سے یقین دہانیاں کرائی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے انہیں یقین دلایا ہے کہ چین کسی بھی صورت ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ صرف چینی حکومت تک محدود نہیں بلکہ چینی کمپنیوں پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے تعلقات کے تناظر میں وہ شی جن پنگ کی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ چین اس مؤقف پر قائم رہے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی انہیں آگاہ کیا ہے کہ ماسکو ایران کو ہتھیار فروخت نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کے اس بیان کو خطے میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق عالمی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس حوالے سے چین، روس یا ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
