ایران پر امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا-ایران پر امریکی حملوں اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سرمایہ کار خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 2 فیصد اضافے کے بعد 96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو حالیہ ہفتوں کی بلند ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 1.7 فیصد اضافے کے ساتھ 88 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال مزید نمایاں ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، اور حالیہ جغرافیائی کشیدگی نے مارکیٹ میں خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں، ایران سے متعلق پیش رفت اور بحیرۂ احمر میں بحری راستوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات نے عالمی تیل کی فراہمی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی تشویش میں اضافہ کیا ہے، جس کے باعث قیمتیں اوپر جا رہی ہیں۔
