سعودی عرب کا عراق میں فضائی حملہ-سعودی عرب نے عراق میں ایران نواز مسلح گروپوں کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن امریکی سینٹرل کمانڈ کے تعاون سے انجام دیا گیا۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق حالیہ ڈرون حملوں کے بعد یہ کارروائی کی گئی، جنہیں سعودی حکام نے ملکی سلامتی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے خطرہ قرار دیا۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ عراق سے سعودی عرب کی جانب بھیجے گئے متعدد ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیے، جبکہ تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔
دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملوں سے ایران کا کوئی تعلق نہیں۔
ادھر اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر اربیل میں واقع امریکی فوجی اڈے پر بھی مبینہ ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے دوران امریکی قونصل خانے کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ فریقوں کی جانب سے مزید ردعمل کا انتظار ہے۔
