کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، علاقائی سلامتی اور مشترکہ مفادات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، دفاعی روابط مضبوط بنانے اور سیکیورٹی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دفاع، سلامتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
