غزہ میں اسرائیلی حملے،8 فلسطینی شہید،17 زخمی-غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم آٹھ فلسطینی جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حالیہ حملوں کے بعد جنگ کے آغاز سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 73 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ متعدد متاثرین اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا مختلف مقامات پر موجود ہیں، تاہم مسلسل حملوں کے باعث ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں ان تک بروقت رسائی حاصل نہیں کر پا رہیں۔
طبی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مغربی علاقے میں ایک گھر پر ڈرون حملے میں دو فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔ حملے کے بعد دونوں افراد کی لاشیں ناصر اسپتال منتقل کی گئیں، جبکہ قریبی رہائشی علاقے کو بھی نقصان پہنچا۔