خامنہ ای کا تابوت نجف سے مشہد منتقل،آج تدفین متوقع-ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا تابوت عراق کے شہر نجف سے ایران کے شہر مشہد منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں آج ان کی تدفین متوقع ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منتقلی ایران اور عراق میں کئی روز سے جاری آخری رسومات کا آخری مرحلہ ہے۔ اس سے قبل نجف اور کربلا سمیت مختلف مقدس مقامات پر تعزیتی تقریبات اور نمازِ جنازہ کا انعقاد کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق مرحوم کی خواہش تھی کہ انہیں مشہد میں روضۂ امام رضاؑ کے قریب سپردِ خاک کیا جائے۔ ان کے دفتر کے سربراہ محمد محمدی گولپائیگانی نے بھی اس خواہش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تدفین مرحوم کی وصیت کے مطابق کی جا رہی ہے۔
مشہد میں تدفین کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ایران کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک سے بھی سوگواروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔