ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨277.75 🇪🇺 یورو ₨317.67 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.79 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.07 🇦🇪 درہم ₨75.63 🇨🇳 چینی یوان ₨40.93

کور کمانڈرز کانفرنس،خطے کے امن،دہشت گردی،کشمیر اور آبی حقوق پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ

👁️ 2 مرتبہ پڑھا گیا
کور کمانڈرز کانفرنس،خطے کے امن،دہشت گردی،کشمیر اور آبی حقوق پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی سیکیورٹی، دہشت گردی، کشمیر اور آبی معاملات سمیت اہم قومی و علاقائی امور کا جائزہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورم نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے افغان سرزمین کو دہشت گرد گروہوں اور بھارتی حمایت یافتہ پراکسی عناصر کے استعمال سے روکنا ضروری ہے۔ کانفرنس نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مؤقف کا اعادہ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت فراہم کیا جائے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سے متعلق اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی، ہائبرڈ وارفیئر، جھوٹے بیانیوں اور بیرونی حمایت یافتہ انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح اور مضبوط انتظامی ڈھانچے کا قیام پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں پاکستان کے علاقائی استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے تعمیری کردار کو بھی سراہا گیا۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔