کراچی: گل پلازہ آتشزدگی کیس میں اہم عدالتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے گل پلازہ ایسوسی ایشن کے صدر سمیت پانچ ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے کم عمر ملزم کی درخواست ضمانت سے متعلق بھی استفسار کیا، جس پر وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام ملزمان کے خلاف ایک ہی مقدمے کا چالان پیش کیا گیا ہے، اسی لیے درخواست بھی ایک ہی عدالت میں دائر کی گئی۔
عدالت نے کم عمر ملزم کے کردار سے متعلق سوالات بھی اٹھائے، جبکہ وکیلِ صفائی نے مؤقف اپنایا کہ تفتیش میں متعلقہ اداروں کی ذمہ داری کا مکمل تعین نہیں کیا گیا۔
پولیس کی عبوری تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ آگ ایک دکان میں لگی، جہاں مبینہ طور پر کھیل کے دوران آگ بھڑکنے کے بعد شعلے تیزی سے پوری مارکیٹ میں پھیل گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عمارت میں ایمرجنسی اخراج کے راستے، فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اور دیگر حفاظتی سہولیات ناکافی تھیں، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
پولیس نے اپنی تفتیش میں گل پلازہ یونین کے عہدیداروں، ایک دکاندار اور ایک کم عمر بچے سمیت متعدد افراد کو نامزد کیا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔