ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کی شکایات کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صورتِ حال پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق بین الاقوامی ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل میں تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بعض صارفین کو رفتار میں کمی اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے خرابی کی اصل وجہ معلوم کرنے اور سروس کی جلد بحالی کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس دوران انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی راستوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو کم سے کم دشواری کا سامنا ہو۔
پی ٹی اے نے مزید بتایا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ برقرار ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ خرابی دور کرنے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں اور جیسے ہی مزید پیش رفت ہوگی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔