جنگ ایران نے نہیں،امریکااور اسرائیل نے شروع کی:مسعود پزشکیان
جنگ ایران نے نہیں،امریکااور اسرائیل نے شروع کی:مسعود پزشکیان
جنگ ایران نے نہیں،امریکااور اسرائیل نے شروع کی:مسعود پزشکیان-ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد ملک کو اپنے دفاع پر مجبور ہونا پڑا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے مطابق حملوں کے باوجود ایرانی عوام پہلے سے زیادہ متحد ہوئے ہیں۔
ایرانی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق امریکا اور اسرائیل کے اعتراضات کو بھی مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے یا حاصل کرنے کی کوشش نہیں کررہا۔
مسعود پزشکیان کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کیا، حالانکہ تہران معاہدے کے قریب پہنچ چکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا تھا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے قبول نہیں کیا۔
ایرانی صدر نے خطے کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، پاکستان، قطر سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات دوستانہ ہیں۔
مسعود پزشکیان نے روس اور چین کے ساتھ بھی ایران کے تعلقات کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے علاقائی مسائل کی ایک بڑی وجہ ہیں۔
