پٹرول پر100روپے فی لیٹر ریلیف سکیم کا اعلان
پٹرول پر100روپے فی لیٹر ریلیف سکیم کا اعلان
پٹرول پر100روپے فی لیٹر ریلیف سکیم کا اعلان-وزیر اعظم نے عوام کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیتے ہوئے بائیک، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا عوام پر بوجھ بڑھنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ایک بار پھر خصوصی ریلیف سکیم کا اجراء کردیا۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نےکہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے،
مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائےگا۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہییوں والی سواریوں پر ماہانہ بیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا،
اسی طرح چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ تیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں اسکا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کردیا جائے گا جبکہ پورے پاکستان میں بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، اسکا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق اس خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجراء آج سے کر دیا گیا ہے، جس کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا،
سکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے تعاون پر صوبوں کے شکرگزار ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سہ پہر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم، عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر اہم گفتگو کی۔ نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ حملوں، بالخصوص شہری آبادی اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے (Economic Infrastructure) کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ حوثیوں کی یہ ناپاک کارروائیاں نصرت و علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں، جن سے عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل پڑ سکتا ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران زور دیا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ خطے میں کشیدگی میں کمی لانے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی و اسٹریٹجک کوششیں مسلسل جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے موجودہ بحرانی صورتِ حال میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا
اور خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی مسلسل، غیر متزلزل اور ثابت قدم حمایت پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مساعی کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے تمام اہم امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد بالمشافہ ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
