آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کی امریکا کو 7 شرائط
فائل فوٹو
آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کی امریکا کو 7 شرائط-ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر امریکا کے سامنے سات شرائط رکھ دی ہیں اور واضح کیا ہے کہ عمان کے ساتھ ہونے والے کسی معاہدے کی بنیاد پر آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
روسی میڈیا کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی سات شرائط سے آگاہ کیا ہے، تاہم ان مطالبات کی تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق تہران کی جانب سے مسقط میں ایک اجلاس کی میزبانی کی جائے گی، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں آبنائے ہرمز سے متعلق ٹرانزٹ اور متبادل راستوں کے انتظامات پر بات چیت متوقع ہے۔
ایرانی مؤقف کے مطابق خلیج فارس میں داخل ہونے والا راستہ مکمل طور پر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا، جبکہ خلیج فارس سے باہر جانے والا راستہ جزوی طور پر ایرانی پانیوں میں ہوگا۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس ٹرانزٹ کے لیے ایرانی پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا، جبکہ جنوبی راستہ، جسے امریکا کھولنے پر زور دے رہا ہے، بند رکھا جائے گا۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث اہم بحری راستے کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
