ڈیفنس تشدد کیس میں مریم علی رضا کی عبوری ضمانت منظور

واقعے کے بعد متاثرہ بہن بھائی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں، جس پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔

ڈیفنس تشدد کیس میں مریم علی رضا کی عبوری ضمانت منظور-ڈیفنس کے علاقے میں بہن بھائی پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں نامزد مریم علی رضا نے عدالت سے ایک ہفتے کی عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

کراچی جنوبی کی سیشن عدالت نے مریم علی رضا کی درخواست پر سماعت کے بعد عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ایک ہفتے کے دوران انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

مریم علی رضا کے وکیل رحمان کورائی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی مؤکلہ گرفتاری کے خدشے کے باعث عدالت سے رجوع کر رہی ہیں۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایک ہفتے کے لیے عبوری ریلیف دے دیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں مریم علی رضا، ان کے بیٹے حامد، بیٹی اور مبینہ طور پر موقع پر موجود بعض پولیس اہلکاروں پر سیدہ نورالعین اور ان کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد متاثرہ بہن بھائی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں، جس پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔

 

واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی، جس میں مریم علی رضا کو ایک خاتون پر ڈمبل سے مبینہ تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ قریب پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ایک دوسری ویڈیو سامنے آئی جس میں متاثرہ خاندان کے ایک فرد کو پولیس اہلکاروں کے ہمراہ تھانے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا۔

مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق واقعے کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک پولیس اہلکار نے سیدہ نورالعین کو فلیٹ سے باہر بلایا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بعد میں مریم علی رضا نے مبینہ طور پر نورالعین سے بدسلوکی کی، ان کے بال کھینچے اور موبائل فون بھی چھین لیا۔

ایف آئی آر میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریم علی رضا بعد میں اپنی بیٹی اور بعض پولیس اہلکاروں کے ہمراہ دوبارہ آئیں، جہاں نورالعین پر ڈمبل سے مبینہ تشدد کیا گیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری سمیت چار پولیس اہلکاروں کو مبینہ غفلت اور انتظامی کوتاہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی تھی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں متاثرہ خاندان کے خلاف درج مقدمے کو ختم کرنے اور ان کی شکایت پر تشدد کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔

مریم علی رضا کو دی گئی عبوری ضمانت ایک ہفتے کے لیے ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes