حیدرآباد:شیدی گوٹھ میں سیوریج لائن میں متعدد دھماکے
حیدرآباد:شیدی گوٹھ میں سیوریج لائن میں متعدد دھماکے
حیدرآباد:شیدی گوٹھ میں سیوریج لائن میں متعدد دھماکے-قاسم آباد کے علاقے شیدی گوٹھ میں سیوریج لائن میں گیس جمع ہونے کے باعث متعدد دھماکے ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی افراد کے مطابق آج صبح زیرِ زمین سیوریج لائن میں گیس جمع ہونے کے باعث یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں دھماکوں کے بعد علاقے میں دھواں اٹھتے اور لوگوں کو خوف کے باعث بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج لائن میں گیس جمع ہونے کا مسئلہ مسلسل سامنے آ رہا ہے، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی شیدی گوٹھ میں سیوریج لائن میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں بعض افراد زخمی ہوئے تھے۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج سسٹم کا فوری معائنہ کرکے گیس جمع ہونے کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے جانی نقصان کا خدشہ نہ رہے۔
