اسلام آباد،الیکٹرک بس اور موٹر سائیکل میں تصادم، بچہ شدید زخمی-اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ ٹو میں ابن سینا روڈ پر الیکٹرک بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر موجود شہری مشتعل ہوگئے اور بس ڈرائیور کے خلاف احتجاج کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورت حال پر قابو پاتے ہوئے ڈرائیور کو تھانے منتقل کردیا۔
مقامی افراد کے مطابق تصادم میں موٹر سائیکل پر سوار بچہ شدید زخمی ہوا، جبکہ واقعے کے دوران الیکٹرک بس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ حادثے کی وجوہات اور زخمی بچے کی طبی حالت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
واضح رہے کہ واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات موصول ہوئی ہیں، مزید حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔





