جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر کی اہم ملاقات-پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شنگ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر لیو ہائی شنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاک چین دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔





