تہکال پایان میں آتشزدگی،ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے-پشاور کے علاقے تہکال پایان کی فیاض خلیل اسٹریٹ میں واقع ایک رہائشی گھر میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ بجھانے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران مکان کے ایک کمرے سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، جنہیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں گھر کے سربراہ سراج منیر (55 سال)، ان کی 40 سالہ اہلیہ اور ان کے چار بچے حریرہ (11 سال)، حنایا (9 سال)، حسنین (4 سال) اور منہال (3 سال) شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی، جبکہ اہلِ محلہ اور رشتہ دار بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔
