فسادی عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا،طلال چوہدری-وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں کا مقصد عوامی حقوق کا تحفظ نہیں بلکہ عوام کے حقوق متاثر کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کشمیری عوام کے جمہوری حقِ رائے دہی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، تاہم ریاست قانون کے مطابق صورتحال سے نمٹے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر سے دور رہیں اور امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور حالیہ انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے مطابق بعض عناصر پرامن انتخابی عمل سے ناخوش ہیں اور خطے کی ترقی و استحکام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت امن، جمہوری عمل اور عوامی فلاح کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔
حکومتی نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
