کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کی انٹر ٹاپ طالب علم سے ملاقات
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں انٹر ٹاپ کرنے والے ہونہار طالب علم ہنس راج سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے ہنس راج کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
ہنس راج نے وزیر اعلیٰ کو اپنے ایک اہم منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس کے تحت وہ اور ان کے ساتھی خصوصی افراد کے لیے ایک قابلِ رسائی ویب سائٹ تیار کر رہے ہیں۔ اس ویب سائٹ کا مقصد معذور افراد کو انٹرنیٹ تک آسان رسائی فراہم کرنا اور انہیں ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے۔
وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ہنس راج کے تعلیمی عزائم اور سماجی خدمت کے جذبے کو خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نوجوان ہمارے ملک کا فخر ہیں اور ان کے ترقی پسندانہ خیالات مستقبل کے لیے روشن امید ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہنس راج کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تاکہ وہ اپنے منصوبے کو کامیابی سے مکمل کر سکیں۔
