حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا پہلا دور مکمل

حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا پہلا دور مکمل-اجلاس میں شریک فریقین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مختلف قومی معاملات پر اپنے مؤقف پیش کیے

حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا پہلا دور مکمل، دوسرا اجلاس کل ہوگا-اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں شریک فریقین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مختلف قومی معاملات پر اپنے مؤقف پیش کیے اور اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی۔

ترجمان کے مطابق پہلے دور میں کسی حتمی پیش رفت کے بجائے مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مذاکرات کا دوسرا دور کل دوپہر 2 بجے اسپیکر چیمبر میں ہوگا، جس میں پہلے اجلاس کے دوران زیر بحث آنے والے معاملات پر مزید مشاورت کی جائے گی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

حکومتی وفد میں وفاقی وزرا محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، طلال چوہدری اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری شامل تھے، جبکہ سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز حسین جاکھرانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان، علامہ راجا ناصر عباس، اسد قیصر، ملک عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجا مذاکرات میں شریک ہوئے۔

فریقین کی جانب سے سیاسی اختلافات اور قومی مسائل کے حل کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔