ایران امریکا کشیدگی،روس نے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی
ایران امریکا کشیدگی،روس نے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی
ایران امریکا کشیدگی،روس نے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی-دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے علاوہ خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ماسکو میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں روس نے تنازع کے سفارتی حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے علاوہ خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران روسی صدر نے واضح کیا کہ ماسکو ایران کے ساتھ جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے کے تحت تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
پیوٹن نے موجودہ صورتحال میں ایرانی عوام کے ردعمل اور عزم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں اور روس بھی مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو سفارتی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے اور ضرورت پڑنے پر معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو مختلف محاذوں پر جنگی دباؤ کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق تہران اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مذاکرات کی کوششیں جاری رکھے گا، تاہم مزاحمت کا سلسلہ بھی برقرار رہے گا۔
پزشکیان نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ ملکی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
