حمل کے دوران بھی مبینہ بے وفائی،ثانیہ اشفاق نے خاموشی توڑ دی

جب عماد وسیم اور نائلہ راجہ کے مبینہ تعلقات سے متعلق باتیں سامنے آئیں تو انہیں مختلف افراد کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے

 پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی، علیحدگی اور مبینہ بے وفائی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

ثانیہ اشفاق کے مطابق انہوں نے عماد وسیم کے ساتھ کئی سال گزارے اور اس دوران ان کے تین بچے ہوئے، تاہم تیسرے بچے کے حمل کے دوران بھی انہیں شوہر کی مبینہ بے وفائی کا سامنا کرنا پڑا۔

ثانیہ نے بتایا کہ حمل کے دوران عماد وسیم انہیں بچوں سمیت انگلینڈ لے گئے تھے، جہاں انہیں اپنی والدہ کے گھر چھوڑ کر کہا گیا کہ دونوں کو کچھ عرصے کے لیے ایک دوسرے سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔

سابق اہلیہ کے مطابق بعد ازاں عماد وسیم نے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور اس وقت وہ اپنے تینوں بچوں کے ہمراہ والدہ کے گھر موجود تھیں۔ ثانیہ کا دعویٰ ہے کہ اسی دوران عماد وسیم کے سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے۔

ثانیہ اشفاق نے کہا کہ جب عماد وسیم اور نائلہ راجہ کے مبینہ تعلقات سے متعلق باتیں سامنے آئیں تو انہیں مختلف افراد کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے اور نائلہ راجہ کے حوالے سے بھی متعدد باتیں بتائی گئیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نزدیک اس معاملے کی ذمہ داری صرف کسی دوسری خاتون پر عائد نہیں ہوتی بلکہ شوہر بھی اپنے فیصلوں اور اقدامات کا ذمہ دار ہوتا ہے۔

ثانیہ کے مطابق طلاق کا نوٹس موصول ہونے کے باوجود وہ پاکستان واپس آئیں اور انہیں امید تھی کہ بچے کو دیکھنے کے بعد شاید عماد وسیم کے رویے میں تبدیلی آئے گی، تاہم ان کے بقول ایسا نہیں ہوا۔

سابق اہلیہ نے جذباتی انداز میں بتایا کہ انہوں نے آخری وقت تک اپنی شادی کو بچانے کی کوشش کی، لیکن ان کے مطابق عماد وسیم نے ازدواجی رشتہ برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔

دوسری جانب عماد وسیم کی جانب سے ان الزامات کے حوالے سے کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ نائلہ راجہ نے بھی ان دعوؤں پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

نائلہ راجہ کون ہیں؟

نائلہ ذوالفقار راجہ پاکستانی وکیل، سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ڈیجیٹل کریئیٹر ہیں۔ وہ انسٹاگرام پر لائف اسٹائل اور بیوٹی سے متعلق مواد شیئر کرتی ہیں، جس کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر خاصی شہرت حاصل ہے۔

فروری 2026 میں عماد وسیم کے ساتھ ان کی شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد نائلہ راجہ بھی میڈیا اور سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔

عماد وسیم کی ذاتی زندگی سے متعلق سامنے آنے والے حالیہ دعووں نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے، تاہم ان الزامات کے حوالے سے تمام فریقین کا مؤقف سامنے آنا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes