بھارت کی آئل ریفائنری میں دھماکا،خوفناک آگ بھڑک اٹھی-آگ ریفائنری میں موجود سلفر پچ ٹینک میں لگی، جس سے بلند شعلے اٹھنے لگے اور علاقے میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
بھارت کی بندرگاہی شہر وشاکھاپٹنم میں ہندستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) کی آئل ریفائنری میں دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی رات پیش آنے والے واقعے کے بعد آگ بجھانے کے لیے متعدد فائر انجن موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ریفائنری میں موجود سلفر پچ ٹینک میں لگی، جس سے بلند شعلے اٹھنے لگے اور علاقے میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
مقامی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیوز میں ریفائنری سے اٹھتا ہوا دھواں قریبی آبادیوں تک پھیلتا دکھائی دیا، جس سے شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔
وشاکھاپٹنم کے پولیس کمشنر شنکھ براتا باگچی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ صرف متعلقہ ٹینک تک محدود ہے اور ریفائنری کے دیگر حصوں کو اس سے کوئی خطرہ نہیں۔
فائر فائٹرز اور ہنگامی امدادی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی میں مصروف رہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔





