امریکا کی ثالثی میں واشنگٹن میں ہونے والے چوتھے سہ فریقی مذاکرات کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کرامریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر اتفاق– دیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے نہ صرف جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے بلکہ مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اگلا دورِ مذاکرات 22 جون کو منعقد کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کو حملے روکنے اور جنوبی لیطانی سیکٹر خالی کرنے کی شرط پر عمل کرنا ہوگا، جبکہ پائلٹ زونز قائم کیے جائیں گے جن کا کنٹرول لبنانی فوج کے پاس ہوگا۔ ان علاقوں میں غیر ریاستی عناصر کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
بیان کے مطابق اسرائیل اور لبنان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ اقدامات سے گریز کریں گے اور ایک جامع امن معاہدے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حالیہ دنوں میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد لبنان میں جنگ بندی کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ اس دوران اعلیٰ سطحی رابطوں میں حزب اللہ کے ساتھ بھی مفاہمت کا ذکر کیا گیا تھا۔
تاہم بعد ازاں اسرائیلی وزیراعظم نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ دیا تھا، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی تھی۔