امریکہ ایران امن معاہدہ:24 گھنٹوں میں اعلان متوقع- امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فریقین ایک امن معاہدے کے ابتدائی مسودے پر اتفاق کر چکے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنگ بندی کو مستقل شکل دینے کے لیے تیار کیے گئے ڈرافٹ پر گزشتہ شب پیش رفت ہوئی جس کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں میں باضابطہ اعلان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کی دوپہر تک تمام محاذوں پر لڑائی کے خاتمے کا اعلان بھی متوقع ہے۔ ابتدائی مسودے پر اتفاق ہفتے کی صبح ہوا، جبکہ اسے حتمی شکل دینے کا عمل رات گئے مکمل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کار شامل تھے جن میں ایران کی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف، امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر شامل بتائے جاتے ہیں۔ ان شخصیات نے مجوزہ معاہدے کے بنیادی نکات کی منظوری دی ہے۔
اگر یہ پیش رفت باضابطہ اعلان تک پہنچتی ہے تو اسے خطے میں کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم سفارتی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔