امریکا اور ایران اہم معاہدے کے قریب،جلد بڑا اعلان متوقع:ٹرمپ-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پیش رفت جاری ہے
اور دونوں ممالک کسی اہم ڈیل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے معاہدے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زیر غور تجاویز میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا، ایران کے بعض منجمد اثاثے بحال کرنا اور مذاکراتی عمل جاری رکھنا شامل ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اسی وقت معاہدے پر دستخط کریں گے جب امریکا کے تمام اہم مطالبات پورے ہوں گے۔ ان کے مطابق ممکنہ معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس سے قبل ایک امریکی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران سے متعلق جنگ یا معاہدے کے حوالے سے جلد فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا یا تو ایران کے ساتھ اچھی ڈیل کرے گا یا پھر سخت راستہ اختیار کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ وہ اس معاملے پر اپنے قریبی مشیروں سے مشاورت کریں گے، جس میں اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور نائب صدر جے ڈی وینس کی شرکت متوقع ہے۔ ان کے مطابق امریکی حلقوں میں کچھ افراد مذاکرات کے حامی ہیں جبکہ کچھ دوبارہ جنگی آپشن کو ترجیح دیتے ہیں۔