عمران خان کے وکیل بھی آنکھ کی بیماری کا شکار-بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے آنکھوں کے مسئلے کے باعث عدالتی اپیلوں کی فوری پیروی سے معذرت کرلی ہے۔
عدالت میں سلمان صفدر کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ نے مؤقف پیش کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر آنکھ کی بیماری میں مبتلا ہیں اور انہیں بیرون ملک طبی معائنے کی ضرورت ہے۔ اسی بنیاد پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت سے متعلق اپیل کے لیے مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ سلمان صفدر کی صحت کے باعث قانونی کارروائی کی تیاری متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث فوری پیروی ممکن نہیں رہی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو صحت کے مسائل اور دیگر خطرات کا سامنا ہے جبکہ ملاقاتوں سے متعلق عدالتی احکامات پر بھی مکمل عملدرآمد نہیں ہورہا۔