ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ،8 ٹرینیں بند-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور کم مسافروں کی وجہ سے پاکستان ریلوے نے مختلف روٹس پر چلنے والی 8 ٹرینیں عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ آپریشنل اخراجات میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے اور ٹرین سروسز کو اگلے حکم تک معطل رکھا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کئی روٹس پر مسافروں کی تعداد توقع سے کم ہونے کے باعث بھی ریلوے کو مالی دباؤ کا سامنا تھا۔
عارضی طور پر بند کی جانے والی ٹرینوں میں بولان میل، خوشحال خان خٹک ایکسپریس، مہران ایکسپریس، چمن پسنجر، ماروی ایکسپریس، سمن سرکار ایکسپریس، موئن جو دڑو ایکسپریس اور راوی ایکسپریس شامل ہیں۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق ایندھن اور دیگر آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی مالی اور آپریشنل صورتحال بہتر ہوگی، ان ٹرینوں کو دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔