پسند کی شادی،پورا گائوں آگ کی لپیٹ میں-پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد نے گاؤں کو آگ لگا دی
جیکب آباد میں پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد نے ایک گاؤں کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں گھروں کو آگ لگا دی، جبکہ فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کئی روز گزرنے کے باوجود کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جیکب آباد کے گوٹھ محمد صدیق آرائیں میں 5 مئی کو پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے حملہ کر کے متعدد گھروں کو نذرِ آتش کیا۔
ایس ایس پی جیکب آباد فیضان علی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گوٹھ صدیق آرائیں اور گوٹھ غازی خان چنہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے حیدرآباد کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مقدمے میں 12 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب متاثرہ خاندانوں نے حکام سے فوری انصاف اور تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔