ایران جنگ کے دوران امریکا کے 39 طیارے تباہ ہوئے-امریکا کی ڈیموکریٹک جماعت کے رکن کانگریس ایڈورڈ کیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکا کے 39 طیارے تباہ ہوئے۔
انہوں نے سینیٹ کمیٹی میں ہونے والی خصوصی سماعت کے دوران پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر جے ہرسٹ سے سخت سوالات کیے، تاہم جب ایران جنگ میں ہونے والے ممکنہ نقصانات سے متعلق پوچھا گیا تو وہ واضح جواب دینے سے گریز کرتے رہے اور مبہم انداز میں گفتگو کرتے رہے۔
ایڈورڈ کیس نے اپنی بات کے دوران امریکی ویب سائٹ ’’دی وارزون‘‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیا، جس کے مطابق 39 روزہ جنگ میں امریکی فضائیہ نے تقریباً 13 ہزار پروازیں کیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس دوران 39 طیارے مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 10 دیگر کو مختلف نوعیت کا نقصان پہنچا۔
ویب سائٹ کے مطابق تباہ ہونے والے اثاثوں میں 24 بغیر پائلٹ ڈرون شامل تھے، جبکہ پانچ لڑاکا طیارے بھی فضا میں تباہ ہوئے۔ ان میں چار ایف پندرہ اور ایک اے ٹین وارتھگ شامل بتایا گیا ہے۔
مزید رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک جدید ففتھ جنریشن لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی حدود میں نشانہ بنا، تاہم اس کا پائلٹ بروقت بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔ اسی طرح تین ایف پندرہ طیاروں کو کویت کی فضائی حدود میں تباہ ہونے کا ذکر بھی سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک بڑا فضائی نگرانی کا طیارہ بھی تباہ ہوا جو امریکی فضائی بیڑے کا اہم حصہ سمجھا جاتا تھا۔ بعض طیاروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انہیں اس لیے تباہ کیا گیا تاکہ وہ ایرانی کنٹرول میں نہ آ سکیں۔