آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی تشکیل پر نظریاتی کارکنان نے شدید احتجاج کیا ہے۔ سردار عبد القیوم نیازی کو چیئرمین سمیت پورا بورڈ تشکیل دینے پر کارکنان نے نیشنل پریس کلب میں اجلاس کیا جس میں چوہدری مقبول گجر، راجہ منصور اور شمائلہ حیدر نے شرکت کی۔
اجلاس میں کارکنان نے مؤقف اختیار کیا کہ پارلیمانی بورڈ میں نظریاتی کارکنان کو مناسب نمائندگی نہیں دی گئی اور صرف ایک نظریاتی کارکن کو شامل کیا گیا ہے۔
کارکنان کے مطابق واحد نظریاتی رکن نے گیارہ رکنی پارلیمانی بورڈ سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے جبکہ باقی اراکین پر مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
اس صورتحال پر کارکنان نے بورڈ کو غیر نمائندہ قرار دیتے ہوئے مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ دو دن کے اندر معاملات کو درست کیا جائے اور نظریاتی کارکنان کو مناسب نمائندگی دی جائے۔