چین کے شہر ثانیہ میں جاری ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی ریسلرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو میڈلز یقینی بنا لیے ہیں۔ قومی پہلوان انعام بٹ اور اسداللہ نے اپنے اپنے وزن کیٹیگریز میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جس کے بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
80 کلوگرام کیٹیگری میں اسداللہ نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کے پہلوان کو شکست دی۔ اس کے بعد سیمی فائنل میں انہوں نے میزبان چین کے ریسلر کو بھی زیر کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
اسی طرح 90 کلوگرام کیٹیگری میں انعام بٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں بحرین اور سیمی فائنل میں منگولیا کے پہلوان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
اب فائنل مقابلوں میں دونوں پاکستانی پہلوانوں کا سامنا ایرانی کھلاڑیوں سے ہوگا، جسے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
70 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عبداللہ کو سیمی فائنل میں بھارتی پہلوان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ اب کانسی کے تمغے کے لیے کرغزستان کے پہلوان کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری انعام بٹ نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے اور قوم سے فائنل مقابلوں میں کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔