اسلام آباد:پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے فتح ٹو میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا مقصد میزائل کے مختلف تکنیکی پہلوؤں کی جانچ اور اس کی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فتح ٹو میزائل جدید ایوی اونکس اور جدید نیویگیشنل ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو اسے زیادہ مؤثر اور درست بناتی ہے۔
تجربے کے موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ دفاعی اداروں سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی اور نظام کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔
حکام کے مطابق فتح سیریز کے اس مقامی میزائل کے کامیاب تجربے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جو ملک کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق صدر، وزیر اعظم اور مسلح افواج کی قیادت نے اس کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت کو سراہا ہے۔