پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ہفتوں پر محیط مشترکہ فوجی مشق “شیک ہینڈز II” کا انعقاد تربیلا میں کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس مشترکہ مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور سری لنکن آرمی کے اسپیشل فورسز کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ دورانِ مشق دونوں ممالک کی افواج انسداد دہشت گردی آپریشنز سے متعلق اپنے عملی تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ باہمی تعاون، ہم آہنگی اور بہتر افہام و تفہیم کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ مشق کا ایک اہم مقصد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا بھی ہے۔