اہم خبر
ABS24
نیوز
ABS24 News Network

اسلام آباد ریڈ زون بدستور بند،ٹریفک کیلئے نئی پابندیاں نافذ

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
اسلام آباد ریڈ زون بدستور بند،ٹریفک کیلئے نئی پابندیاں نافذ

اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی مذاکراتی وفود کی روانگی کے بعد بھی ریڈ زون میں سیکیورٹی پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق عام ٹریفک کے لیے ریڈ زون میں داخلہ تاحال محدود رہے گا اور صرف سرکاری گاڑیوں کو اجازت ہوگی۔

اتوار کی شام جاری کردہ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر چوک سے سرینا چوک اور سری نگر ہائی وے کی جانب آمدورفت بند رہے گی۔ اسی طرح سیونتھ ایونیو پل سے سرینا چوک تک سری نگر ہائی وے بھی ٹریفک کے لیے بند رکھی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق بھارہ کہو سے آنے والے شہری کشمیر چوک کے راستے کلب روڈ استعمال کرتے ہوئے شہر میں داخل ہو سکتے ہیں، جبکہ مری روڈ سے آنے والے افراد بھی کلب روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔

دوسری جانب زیرو پوائنٹ سے سیونتھ ایونیو فلائی اوور تک دونوں اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ شہری سیونتھ ایونیو انٹر سیکشن سے جی-6، جی-7 اور چاند تارہ چوک کی جانب سفر کر سکتے ہیں۔

مزید برآں فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ، نواز چوک سے ایف-7 مرکز، اور خیابان چوک سے بلیو ایریا جانے والی سڑکیں بھی کھلی رکھی گئی ہیں۔ ناظم الدین روڈ اور فضل حق روڈ پر بھی معمول کے مطابق ٹریفک جاری ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کرتے ہوئے ٹریفک پلان پر عمل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔