اہم خبر
ABS24
نیوز
ABS24 News Network

امریکا کا ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
امریکا کا ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جاری جنگ میں مکمل سنجیدگی کے ساتھ کارروائی کر رہا ہے اور اس کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس ایران پر حملے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایرانی بحریہ کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے جبکہ میزائل اور ڈرون صلاحیت کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج ہر گھنٹے ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کو کم کر رہی ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کی فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام کو بھی بڑی حد تک تباہ کر دیا گیا ہے اور ایرانی طیاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مستقبل میں ایران کی قیادت ایسی نہ ہو جو امریکا یا اسرائیل کو دھمکی دے سکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا تاہم امریکا نے جواب دیا کہ اب اس کے لیے بہت دیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈروں اور دنیا بھر میں تعینات ایرانی سفارتکاروں سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ حکومت سے علیحدگی اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی سفارتکار مختلف ممالک میں موجود سفارت خانوں سے الگ ہو کر پناہ حاصل کریں اور ایک نئے ایران کی تشکیل میں امریکا کی مدد کریں۔

امریکی صدر کے مطابق اگر پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر اپنے عہدے چھوڑ دیں تو انہیں مکمل استثنیٰ دیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر انہیں سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے جلد اقدامات کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔