مناب: ایران کے جنوبی شہر مناب میں ایک گرلز اسکول پر حملے کے نتیجے میں درجنوں طالبات جاں بحق اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے شہر مناب میں واقع ایک نجی گرلز اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث کم از کم 53 طالبات جان کی بازی ہار گئیں جبکہ 63 سے زائد زخمی ہوئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ براہ راست اسکول کی عمارت پر کیا گیا جس سے عمارت کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔
سرکاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ اسرائیل کی جانب سے کیا گیا، تاہم اس حوالے سے تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔ دوسری جانب شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔
مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔