ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں حاصل کیا۔ فہیم اشرف نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی بولرز نے دباؤ قائم کر دیا، نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب میکس ڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔
دوسری وکٹ 31 رنز پر گری، محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر پویلین بھیجا۔ تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔
بعد ازاں نیدرلینڈز کے بیٹرز نے مزاحمت کرتے ہوئے اسکور 105 تک پہنچایا تاہم محمد نواز نے شراکت توڑ کر پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد نیدرلینڈز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور زیادہ تر بیٹرز کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور ابرار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان وکٹ حاصل نہ کر سکے اور 4 اوورز میں 26 رنز دیے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا کی پچ مختلف تھی، ٹیم نے منصوبہ بندی کے مطابق کھیل پیش کیا جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں نکلا۔