مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق اتوار کو مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا شیڈول تھا، تاہم حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 کے بالائی علاقوں میں خراب موسمی حالات کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے باعث متعدد اہم شاہراہیں بند ہو گئیں، جس کے نتیجے میں پولنگ عملے اور انتخابی سامان کی بروقت ترسیل ممکن نہ بن سکی۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے رات گئے تک راستے بحال کرنے کی کوششیں جاری رکھیں، تاہم سڑکیں مکمل طور پر بحال نہ ہونے کے باعث پولنگ کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
الیکشن کمیشن نے غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 میں پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس حلقے میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان آج دوپہر 2 بجے کیا جائے گا۔
