راجن پور میں مبینہ فوڈ پوائزننگ،37 افراد اسپتال منتقل
راجن پور میں مبینہ فوڈ پوائزننگ،37 افراد اسپتال منتقل،پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے عمرکوٹ میں مبینہ طور پر سویاں کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کی طبیعت خراب ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 37 متاثرین کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرین میں سے 30 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جبکہ 7 افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال روجھان منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ ڈاکٹرز ان کے علاج میں مصروف ہیں۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تمام افراد نے سویاں کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ طبی ماہرین بھی متاثرہ افراد کے نمونے اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ واقعے کی حقیقت معلوم کی جا سکے۔
