جنگ ایران کو جھکا نہیں سکتی،مخالفین تقسیم کی کوشش کریں گے:پزشکیان
جنگ ایران کو جھکا نہیں سکتی،مخالفین تقسیم کی کوشش کریں گے:پزشکیان-ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا ایران کے ساتھ مفاہمت کی جانب بڑھنے پر مجبور ہوا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک موزوں موقع فراہم کر رہے ہیں۔
تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا پر لازم تھا کہ وہ ایران اور عمان کی جانب سے مشترکہ طور پر طے کیے گئے رہنما اصولوں پر عمل کرتا، تاہم واشنگٹن کی جانب سے ان شرائط کی پاسداری نہ ہونے پر ایران کو اپنا ردعمل دینا پڑا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے اور پیدا ہونے والے اختلافات کا حل تلاش کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم کی ضرورت ہے، جس نے اس معاملے پر کام شروع کر رکھا ہے۔
مسعود پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنی قومی خودداری، وقار اور عزم کو برقرار رکھتے ہوئے موجودہ صورتحال کا مقابلہ کرے گا اور آگے بڑھے گا۔
انہوں نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے مجرمانہ اور استعماری طرز عمل کا حامل قرار دیا اور واضح کیا کہ واشنگٹن کے حوالے سے تہران کی بنیادی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ایرانی صدر نے عوام کو خبردار کیا کہ امریکا اور اسرائیل اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ صرف عسکری طاقت کے ذریعے ایرانی عوام کو اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
ان کے مطابق مخالف قوتیں اب اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے ایران کے اندر اختلافات، انتشار اور باہمی تنازعات کو ہوا دینے کی کوشش کرسکتی ہیں، اس لیے عوام کو ایسی کوششوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے قومی اتحاد اور مزاحمت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی یکجہتی برقرار رکھیں۔
