کوہاٹ مسجد حملہ،شہداء کی نماز جنازہ ادا،پولیس دستے کی سلامی

کوہاٹ مسجد حملہ،شہداء کی نماز جنازہ ادا،پولیس دستے کی سلامی-سہولت کاروں کو بھی قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

کوہاٹ مسجد حملہ،شہداء کی نماز جنازہ ادا،پولیس دستے کی سلامی-پرانی پولیس لائنز کی مسجد پر ہونے والے حملے میں  شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیے گئے۔

نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، وزیر قانون آفتاب عالم، جنرل آفیسر کمانڈنگ، کمشنر کوہاٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، شہداء کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد کوہاٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ اعلیٰ حکام نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ پولیس، پاک فوج اور سول انتظامیہ کے افسران نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیے گئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے جمعہ کی نماز ادا کرنے والے نمازیوں کو نشانہ بنایا، جو ان کے بزدلانہ عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے اور دہشتگردوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ پولیس حملے میں ملوث عناصر اور ان کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ سہولت کاروں کو بھی قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔