عمران خان کی 74ویں سالگرہ،راجہ ناصر عباس نے کیک کاٹ دیا
عمران خان کی 74ویں سالگرہ،راجہ ناصر عباس نے کیک کاٹ دیا
اسلام آباد:سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے ملک کی موجودہ سیاسی اور آئینی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں قانون اور آئین کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے عوام میں مقبول ہیں اور انہیں ان کے بقول بے گناہی کے باوجود جیل میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں ذاتی مفادات حاصل کرنے کے بجائے اپنے سیاسی مؤقف اور اصولوں پر قائم رہنے کو ترجیح دی۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ وہ عمران خان سمیت دیگر قیدیوں، لاپتا افراد اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے متاثرہ عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
تقریب کے دوران فلسطینی عوام اور قیدیوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے امید ظاہر کی کہ ملک میں موجودہ حالات کا خاتمہ ہوگا، عمران خان سمیت دیگر قیدی اپنے گھروں کو واپس جائیں گے اور عوام خوشحال زندگی گزار سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ عمران خان کی سالگرہ آزادی اور خوشی کے ماحول میں منائی جائے گی۔
