ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام پاکستانی قیادت تک پہنچائیں گے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے، جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہونے والی ملاقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جس میں باہمی تعاون، سرحدی سلامتی اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
اس دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
