کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے ٹریفک پولیس اور بارڈر پولیس کے نام تبدیل کرتے ہوئے انہیں مشترکہ طور پر "شرطہ” کا نام دے دیا ہے۔
طالبان حکومت کی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ اقدام سپریم لیڈر ملا ہبت اللہ اخوندزادہ کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا، جن میں سرکاری اداروں اور عہدوں سے غیر ملکی یا اجنبی زبانوں سے ماخوذ اصطلاحات کے استعمال کو ختم کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
"شرطہ” ایک عربی لفظ ہے جس کے معنی پولیس کے ہیں، اور یہ اصطلاح سعودی عرب سمیت متعدد عرب ممالک میں پولیس کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
اس سے قبل بھی طالبان حکومت سرکاری اداروں کے ناموں میں تبدیلی کا عمل شروع کر چکی ہے۔ چند ماہ پہلے ریاستی اداروں کے ناموں سے انگریزی لفظ "نیشنل” ہٹانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، جس کے بعد مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں کے نام تبدیل کیے گئے۔
اسی سلسلے میں وزارت قومی دفاع کا نام مختصر کر کے وزارت دفاع رکھا گیا، جبکہ نیشنل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کا نام بھی تبدیل کر کے جنرل ڈائریکٹوریٹ پروٹیکشن کر دیا گیا۔