عالمی خام تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں، جس پر عوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے فی الحال قیمتوں میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک میں اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 78 پیسے پر برقرار ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت کم ہو کر 68.65 ڈالر فی بیرل اور برینٹ کروڈ آئل 71.52 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے، جبکہ ابوظہبی مربان کروڈ بھی 65.98 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر طلب و رسد اور مارکیٹ کے رجحانات خام تیل کی قیمتوں کو متاثر کر رہے ہیں، تاہم پاکستان میں قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو فوری ریلیف نہ ملنے پر بحث جاری ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی منڈی میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھی عندیہ دیا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔
ادھر اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں سے متعلق سمری تیار کر لی گئی ہے جس میں 20 سے 50 روپے فی لیٹر تک کمی کے مختلف امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔