پاکستانی فضائی حدود میں ایئر انڈیا کا طیارہ آخر کیوں داخل ہوا؟ اس واقعے کے بعد بھارتی حکام نے پائلٹ کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا، جبکہ متعلقہ حکام اور ایئرلائن نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 22 جون کی رات اس وقت پیش آیا جب دہلی سے امرتسر جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI479 لینڈنگ کی تیاری کر رہی تھی۔ اسی دوران امرتسر ایئرپورٹ پر ایک دوسرے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے باعث رن وے کا معائنہ شروع کر دیا گیا اور آنے والی پروازوں کو فضا میں انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق انتظار کے دوران ریڈار کی رہنمائی میں لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے ایئر انڈیا کا طیارہ غیر ارادی طور پر چند لمحوں کے لیے تقریباً تین میل تک پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔ بعد ازاں پاکستانی فضائی ٹریفک کنٹرول حکام سے رابطہ کیا گیا، جس کے بعد طیارہ دوبارہ بھارتی فضائی حدود میں واپس آ گیا۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کم ایندھن کے باعث طیارہ امرتسر میں لینڈ نہ کر سکا اور اسے واپس دہلی منتقل کرنا پڑا، جہاں پرواز کو بحفاظت اتار لیا گیا۔
واقعے کے بعد بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے پرواز کے پائلٹ کو ڈیوٹی سے ہٹا کر محکمانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ امرتسر ایئرپورٹ کے ایک فضائی ٹریفک کنٹرولر کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، کیونکہ مبینہ طور پر اس نے واقعے کی بروقت رپورٹ نہیں کی۔
ایئر انڈیا نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ محدود فاصلے تک پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ کمپنی کے مطابق متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اندرونی سطح پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث فضائی حدود کے استعمال پر سخت پابندیاں نافذ ہیں، ایسے میں یہ واقعہ بھارتی سول ایوی ایشن کے لیے ایک اہم معاملہ بن گیا ہے، جس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔