فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ-چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے شہر استنبول میں اہم اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کی ہیں،
جن کے دوران دفاعی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورۂ ترکیہ کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے ترک وزیر خارجہ حکان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بائرکتار اوغلو سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دورۂ ترکیہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مکہ معاہدے کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے اور دفاعی تعاون کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
شرکا نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ باہمی دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک روابط میں مزید وسعت لانے کے لیے تعاون جاری ہے۔
