واشنگٹن:امریکا نے ایران سے منسلک کروڑوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے منجمد کر دیے ہیں، جسے تہران پر مالی دباؤ بڑھانے کی نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق تقریباً 34 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایران کی مالی سرگرمیوں اور بیرونِ ملک فنڈز کی ترسیل کو محدود کرنے کے لیے کیا گیا۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ متعدد کرپٹو والیٹس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اور اس عمل کا مقصد ایران کی مالی سپلائی لائنز کو کمزور کرنا ہے۔ ان کے مطابق امریکا ایسے تمام ذرائع کا سراغ لگانے کی کوشش جاری رکھے گا جن کے ذریعے فنڈز منتقل کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی کوششیں بھی سست روی کا شکار دکھائی دیتی ہیں، جبکہ عالمی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔