بریکنگ نیوز

امریکا ایران مذاکرات ناکام ہوئے تو کیا ہو گا؟

اپریل 11, 2026 | admin

اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم سوال سامنے آ گیا ہے کہ اگر یہ بات چیت ناکام ہو جاتی ہے تو خطے میں صورتحال کیا رخ اختیار کرے گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقات جاری ہے، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کو کم کرنا ہے۔

امریکی صدر سے صحافیوں نے سوال کیا کہ اگر ایران کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو جائیں یا تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے سے انکار کیا جائے تو امریکا کے پاس کیا متبادل حکمت عملی موجود ہے۔

اس پر امریکی صدر نے کہا کہ کسی بیک اپ پلان کی ضرورت نہیں ہے، اور دعویٰ کیا کہ ایران کو حالیہ کشیدگی میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ اس کی فوجی صلاحیت بھی متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا نے حالیہ دنوں میں خطے میں اپنی عسکری موجودگی میں اضافہ کیا ہے، تاہم عارضی جنگ بندی کے باعث کشیدگی میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اسلام آباد میں جاری مذاکرات میں ایران کی نمائندگی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کر رہے ہیں، جبکہ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ان مذاکرات کے نتائج خطے کے مستقبل اور عالمی توانائی کی صورتحال پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتے ہیں۔